فیس بک اور یوٹیوب کے خلاف مقدمہ
فرانس کے ایک طاقتور مسلم گروپ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر دہشت گردانہ حملے کی ویڈیو نشر کرنے پر فیس بک اور یوٹیوب کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرنچ کونسل آف دی مسلم فیتھ (سی ایف سی ایم) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ایسا مواد پھیلانے میں مدد کی جو دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور انسانیت کے احترام کو نقصان پہنچاتا ہے۔
سی ایف سی ایم نے ان دونوں کمپنیوں کے خلاف قانونی دستاویزات بھی جمع کرادیئے ہیں۔
کرائسٹ چرچ حملے کے بعد متعدد عالمی رہنماﺅں نے فیس بک پر زور دیا تھا کہ وہ اس طرح کے مواد کی روک تھام کے لیے اپنے کردار کو مزید بہتر بنائے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بھی عندیہ دیا تھا کہ وہ لائیو اسٹریمنگ کے بارے میں کمپنی سے بات کرنا چاہتی ہیں اور کمپنی کو اس طرح کے واقعات پر اپنے ردعمل کے بارے میں سوالات کا جواب دینا ہوگا۔
خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں دہشتگردی سے 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔