Mar ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • برطانیہ و فرانس میں فلسطینی عوام کی حمایت میں مظاہرے

برطانیہ کے شہر لندن اور فرانس کے شہر لیؤن میں ہزاروں افراد نے فلسطینی عوام کی حمایت میں مظاہرے کر کے صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ جرائم کی بنا پر صیہونی حکومت کا بائیکاٹ کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانس کے شہر لیؤن میں لوگوں نے بڑی تعداد میں مظاہرہ کر کے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام سے اپنی یکجہتی کا اعلان کیا۔یہ مظاہرہ فلسطینیوں کے پرامن حق واپسی مارچ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھی انسانی حقوق کی تنظیموں کے اراکین اور فلسطینیوں کے طرفداروں اور حامیوں نے، جن میں جنگ مخالف اتحاد، فلسطین سے یکجہتی محاذ، الاقصی فرینڈ شپ اور برطانوی فلسطینیوں کا فورم شامل ہے، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے لندن میں صیہونی حکومت کے سفارت خانے کے سامنے اجتماع کیا اور فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل کی مخالفت میں نعرے لگائے نیز غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی۔اس مظاہرے میں ٹریڈ یونین لیڈروں، جنگ مخالف سرگرم  کارکنوں اور صیہونیت مخالف یہودیوں نے غاصب صیہونی حکومت کی مخالفت میں تقریریں کیں اور تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی، غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور تمام بے گھر و آوارہ وطن فلسطینیوں کی اپنے آبائی وطن واپسی کے حق پر زور دیا۔

قابل ذکر ہے کہ یوم الارض فلسطین کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان، شام اور یمن سمیت بہت سے ملکوں میں مظاہروں، اجتماعات اور مختلف قسم کے پروگراموں میں آزادی فلسطین کی تحریک میں مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اعلان کیا گیا۔یوم الارض فلسطین کی مناسبت منعقدہ پروگراموں میں امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے اور مقبوضہ جولان پر غاصب صیہونی حکومت کی حکمرانی تسلیم کرنے کے ٹرمپ کے اقدام کی بھی مذمت کی گئی۔

ٹیگس