نیپال میں طوفان 35 افراد ہلاک 600 زخمی
نیپال میں خوفناک طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں کے مطابق نیپال میں ہلاکت خیز طوفان نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے جب کہ 600 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
زیادہ تر ہلاکتیں مکانوں کی چھتیں منہدم ہونے یا بجلی کے کھمبے اور درخت گرنے کے باعث ہوئیں۔ زخمیوں میں سے 50 کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے جب کہ نیپال آرمی، پولیس اور پیرا ملٹری فورس کی دو بٹالین بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں اور طوفان میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
طوفان سے سب سے زیادہ ضلع بارا متاثر ہوا ہے، 90 فیصد جانی و مالی نقصان اسی ضلع میں ہوا ہے ۔
متاثرہ علاقوں میں عارضی شیلٹرز ہوم بنا دیے گئے ہیں، فوج اور سیکورٹی فورسز کے اہل کار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔