Apr ۰۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • برطانوی وزیراعظم بریگزٹ میں تاخیرکی خواہاں

تھریسا مے ایک مرتبہ پھر بریگزٹ میں مختصر تاخیرکی خواہاں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ وہ بریگزٹ معاہدے کو منظور کرانے کے لیے مزید مختصر تاخیرکے حصول کے لیے کوشش کریں گی۔

تھریسامے نے اپنے وزرا سے 7 گھنٹے پر مشتمل مشاورت کے بعد اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کو مشترکہ لائحہ عمل کے لیے مذاکرات کی پیشکش بھی کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آرٹیکل 50 کے تحت مزید مہلت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے مارچ 2017 میں آرٹیکل 50 سے دستبرداری کا نوٹس بھیجا تھا۔ جس کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں نے بریگزٹ معاہدے کی حتمی تاریخ یعنی 29 مارچ میں توسیع پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے 12 اپریل کردی تھی۔

تھریسامے نے کہا کہ توسیع کا مقصد یہ ہے کہ ہم بروقت اور احسن طریقے سے یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرلیں۔

یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو گزشتہ برس نومبر میں بریگزٹ معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد پارلیمنٹ کے اندر انہیں معاہدے کو منظور کرانے میں مسلسل شدید مشکلات کا سامنا ہے اور دو مرتبہ بریگزٹ معاہدے کے خلاف بھاری اکثریت سے قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں۔

برطانیہ میں یورپی یونین سے اخراج کے لیے طویل تھکا دینے والے مذاکرات کے بعد جون 2016 میں ریفرنڈم ہوا تھا لیکن معاہدے کی منظوری پارلیمنٹ میں اٹک کر رہ گئی تھی۔

 

ٹیگس