امریکی وزیر خارجہ کا اعتراف
امریکی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کی خاطر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔
صیہونی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یہ بیان سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سامنے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کے مفادات کی خاطر ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
اس سے پہلے صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا تھا کہ امریکی صدر نے ان کی درخواست پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام اس فہرست میں شامل کیا ہے جنہیں امریکہ دہشت گرد سمجھتا ہے۔
بہت سے امریکی سیاستدانوں اور تجزیہ نگاروں نے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کے ممکنہ نتائج کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔
امریکہ کی سابق نائب وزیر خارجہ ونڈی شرمین نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے اس اقدام سے مشرق وسطی میں موجود امریکی فوجیوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل نے بھی ٹرمپ کے اس اقدام کے جواب میں مشرق وسطی میں موجود امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ اور اس سے وابستہ فوجیوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔