برازیل کی جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ 30 ہلاک
لاطینی امریکا کے ملک برازیل کی جیل میں قیدیوں اور اُن کے مہمانوں کے دو گروہوں کے درمیان خوںریز تصادم میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی ایک خطرناک جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ سے جیل میدان جنگ بن گئی، قیدیوں نے چاقوؤں، خاردار برشوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 30 افراد جبکہ بعض ذرائع کے مطابق 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
قیدیوں کے دو گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا، مہمانوں کے گروہ کے درمیان بھی جھڑپ شروع ہوگئی، پولیس نے فساد پر قابو پانے کے لیے مزید نفری طلب کی جس کے بعد ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر تیز دھار آلہ کی ضرب کا نشانہ بنے جب کہ کچھ قیدیوں کو گلا گھونٹ کر بھی ہلاک کیا گیا۔ محکمہ جیل خانہ جات نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
واضح رہے کہ مذکورہ جیل شمالی برازیل کی ریاست ایمیزوناس میں واقع ہے ۔
برازیل کی زیادہ تر جیلوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں جبکہ منشیات فروشوں کے حریف گروہوں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے درمیان جیل میں لڑائی جھگڑے ہونا معمول کی بات ہے۔ دو برس قبل اسی جیل میں قیدیوں کی بغاوت کو کچلنے کے دوران 56 قیدی مارے گئے تھے۔