چین میں زلزلہ بارہ ہلاک ایک سو تیس سے زائد زخمی (تفصیلی خبر)
چین کے صوبے سیچوان میں یکے بعد دیگرے دو زلزلوں کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک اور ایک سوتیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
شین ہوا نیوز ایجنسی نے خبردی ہے کہ سیچوان صوبے کے شہر ایبین میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھے ریکارڈ کی گئی۔
اب تک بارہ افراد کے ہلاک اور ایک سو تیس سے زائد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں عمارتوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔
زلزلے کے بعد مزید چار جھٹکے محسوس کئے گئے جو وقفے وقفے سے چالیس منٹ تک جاری رہے۔
چین کی ہنگامی حالت کی وزارت نے امدادی ٹیموں کو جائے حادثے پر روانہ کردیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
زلزلے کے بعد ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ زلزلے کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر دراڑیں پڑگئی ہیں جبکہ شہر ایبین اور زویونگ کو ملانے والی شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے۔
چین کے صوبہ سیچوان میں اکثر وبیشتر زلزلے آتے ہیں تاہم ان کی شدت کم ہوتی ہے البتہ دوہزار آٹھ میں آنے والے خطرناک زلزلے میں ستاسی ہزار افراد ہلاک اور لاپتہ ہوگئے تھے۔