جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کی کارستانی
امریکہ اور برطانیہ جو ہر جگہ اور ہر محاذ پر جمہوریت کا راگ الاپتے نہیں تھکتے لیکن ان کی جمہوریت برای نام اور اندر سے خالی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق خواتین کے حقوق کے لیے دھواں دھار تقریریں کرنے والے برطانوی وزیر مملکت مارک فیلڈ نے ایک تقریب کے دوران احتجاج کرنے والی خاتون کو گردن سے پکڑ کر باہر نکال دیا جس کی ویڈیو اب وائرل ہوگئی ہے۔
برطانیہ کے مینشن ہاؤس میں ایک تقریب جاری تھی جس میں شرکاء کے لیے پُر تکلف طعام کا بھی انتظام تھا۔ تقریب میں ایک وزیر تقریر کر رہے تھے کہ ماحولیات کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کی خاتون ورکر اندر داخل ہوئیں۔
خاتون سماجی کارکن ڈائس کی جانب بڑھ رہی تھیں کہ کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت خارجہ برائے ایشیا و پیسیفک مارک فیلڈ نے خاتون کو بازو سے پکڑ کر روک لیا اور پھر گردن دبوچ کے خاتون کو تقریب سے باہر نکال دیا اور سیکیورٹی کے حوالے کردیا۔
مینشن ہاؤس کے باہر موجود سماجی کارکنوں نے وزیر مارک فیلڈ کی غیر اخلاقی حرکت کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے وزیراعظم تھریسامے سے مذکورہ وزیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے مارک فیلڈ کو معطل کردیا۔
دوسری جانب مارک فیلڈ نے غیر منطقی رویہ اپناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ خاتون مسلح بھی ہوسکتی تھی اور اسی اندیشے کی وجہ سے میں نے انہیں پکڑ کر باہر نکالا تاہم اپنے رویے پر نادم ہوں۔