برطانوی پارلیمنٹ میں یورپی یونین سے علیحدگی کا بل منظور
برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی اکثریت نے وزیراعظم بورس جانسن کے 31 جنوری 2020 تک یورپی یونین سے علیحدگی کیلیے بریگزٹ منصوبے کے حق میں ووٹ دے دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پارلیمنٹ کے 358 ارکان نے وزیراعظم بورس جانسن کے یورپی یونین سے علیحدگی کے منصوبے کی حمایت کردی تاہم 234 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا، اس طرح یورپی یونین سے علیحدگی کا بل 124 ووٹ کے فرق سے منظور کرلیا گیا۔
منظوری کے بعد یورپی یونین سے علیحدگی کے بل کو اب پارلیمنٹ میں اسکروٹنی کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ اس بل کی منظوری سے علیحدگی پر عمل درآمد تک کے نقل مکانی کے دوران (ٹرانزیشن پیریڈ) کی توسیع بھی ختم ہوجائے گی جس کے تحت برطانیہ کو یورپی یونین کے چند قوانین کی پاسداری کرنا ضروری تھا۔
اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن کی اپنے ارکان کو بل کی مخالفت میں ووٹ دینے کی واضح ہدایت کے باوجود اپوزیشن کے 6 ارکان نے بل کے حق میں ووٹ دیا جب کہ حالیہ قبل از وقت انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کو 80 نشستیں زیادہ ملنے کی وجہ سے بھی بل کو منظور کرانے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ عوامی ریفرنڈم کے نتیجے میں برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا تاہم علیحدگی کے عمل میں ارکان پارلیمنٹ اور عوام میں شدید نااتفاقی تھی جس کے باعث وزیراعظم تھریسامے کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ گیا تھا۔