Jan ۱۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • امریکی صدرٹرمپ نے نوبل انعام کی بھیک مانگ لی

امریکی صدرٹرمپ نے نوبل انعام کی بھیک مانگتے ہوئے اپنے آپ کو نوبل انعام کا حقدار قراردیا۔

امریکی ریاست اوہائیو میں ایک مہم کے دوران اپنے حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں آپ کو نوبل انعام کے بارے میں بتاتا ہوں، میں نے ایک ملک کو بچایا اور میں نے ابھی سنا ہے کہ اس ملک کے سربراہ کونوبل انعام دیا جارہا ہے، مگر اس کا اصلی حقدار تو میں ہوں۔

اگرچہ امریکی صدر نے خطاب میں کسی ملک کا نام نہیں لیا لیکن یہ بات واضح ہے کہ ٹرمپ افریقی ملک ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبے احمد کا حوالہ دے رہے تھے۔

43  سالہ آبے احمد ایتھوپیا کی تاریخ کے اب تک کے کم عمر ترین وزیر اعظم ہیں حکومت مخالف مظاہروں کے کئی مہینوں کے بعد اپنے پیشرو کے مستعفیٰ ہونے پر اپریل 2018 میں انہوں نے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا تھا۔

آبے احمد اریٹریا اور ایتھوپیا کے درمیان دہائیوں سے جاری خونی جنگ کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرنے اور امن کاوشوں کے اعتراف میں گزشتہ سال اکتوبر میں نوبل امن انعام کے حقدار ٹھہرے ہیں۔

امریکی صدر کا ایتھوپیا اور اریٹیریا کے درمیان امن قائم کرنے میں کوئی کردار نہیں تھا تاہم یہاں یہ بات واضح نہیں کہ ٹرمپ اس طرح کا بیان کیوں دے رہے ہیں۔  البتہ دلچسپ بات یہ ہے کہ آبے احمد کے 11 اکتوبر کو نوبل انعام ملنے کے اعلان کے بعد ٹرمپ نے انہیں مبارکباد تک نہ دی ۔

 

ٹیگس