اگر ایران جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا جواب نہ دیتا تو علاقے میں بحران پیدا ہو جاتا: وینزوئیلا کے وزیر خارجہ کا بیان
وینزوئیلا کے وزیر خارجہ نے تاکید کی ہے کہ ایران کی جانب سے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر شدید رد عمل نے امریکا کو بعد کے عدم استحکام کرنے والے اقدامات سے باز رکھا۔
وینزوئیلا کے وزیر خارجہ نے منگل کے روز تہران میں ایک پریس کانفرس میں کہا کہ اگر ایران جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا دندان شکن جواب دینے کے لئے عراق میں امریکا کی چھاونی عین الاسد پر حملہ نہ کرتا تو امریکا اس کے بعد مزید تخریبی اقدامات انجام دیتا اورعلاقہ نئے بحران میں داخل ہو جاتا۔
وینزوئیلا کے وزیر خارجہ نے تہران میں ملک کے سفارتخانے میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردوں سے نام نہاد جنگ کرنے والوں سے یہ سوال کرنا چاہئے کہ انہوں نے داعش اور القاعدہ کی تشکیل کیوں کی۔ ان سے یہ سوال کیا جانا چاہئے کہ علاقے میں عدم استحکام کا سبب کیوں بنے۔
وینزوئیلا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے اپنے فوجیوں اور جنرل قاسم سلیمانی کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مشرق وسطی کو نا امن کرنے کے مغرب کے اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے جنرل قاسم سلیمانی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے خیانت کرتے ہوئے جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا، جنرل سلیمانی وہی شخص تھے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی۔
وینزوئیلا کے وزیر خارجہ نے عراق میں امریکی چھاونی پر ایران کے میزائلی حملے کو پہلی انتقامی کاروائی قرار دیا اور کہا کہ اگر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران کمزور موقف اختیار کرتا تو امریکا نئی سازشیں کرتا ۔