کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 490، 2193 کی حالت نازک
چین کی سرکاری ہیلتھ کمیٹی نے بدھ کو ایک بیان جاری کر کے کہا کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 490 ہو گئی ہے۔
چین کی سرکاری ہیلتھ کمیٹی کے مطابق چار فروری کی آدھی رات تک 31 صوبوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کے 32424 معاملات کی تصدیق کی جا چکی ہے جس میں 2193 مریضوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ 490 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 892 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اب تک بہت زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
منگل کو جاری ہونے والی ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق چین میں اب تک کورونا وائرس کے 20471 معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 21423 افراد میں کورونا وائرس کے ہونے کا شبہ ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی تازہ رپورٹ کے مطابق چین کے علاوہ 24 ممالک میں کورونا وائرس کے 176 کیسز کی اب تک تصدیق ہو چکی ہے۔