کورونا وائرس کے باعث ماسک اور طبی وسائل کی عالمی طلب میں سوگنا اضافہ
Feb ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
چین میں نئے کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافے کے ساتھ ہی دنیا بھر میں ماسک اور متعلقہ طبی آلات کی طلب میں سو گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بارے میں پائی جانے والی عالمی تشویش کی وجہ سے ماسک، دستانوں اور اس بیماری سے بچاؤ کی دوسری اشیا کی طلب میں سوگنا جبکہ ان کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈانوم گبریسوس نے اس بارے میں بتایا ہے کہ عام لوگوں اور شعبہ صحت سے تعلق نہ رکھنے والے افراد کے ذریعے بڑے پیمانے پر مخصوص طبی وسائل کی خریداری کے باعث صورتحال انتہائی دشوار اور عالمی سطح پر ان وسائل کی فراہمی کا عمل معطل ہوگیا ہے۔
نیا کورونا وائرس بدستور مریضوں کی جانیں لے رہا ہے اور جمعے سے اب تک چین میں نوے کے قریب اموات ہوچکی ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کی صبح آٹھ بجے تک نئے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد سات سو بائیس ہوگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چونیتس ہزار پانچ سو چھیالیس تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کا آغاز چین کے صوبے کے شہر ووھان سے ہوا تھا۔