کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1068، اعلیٰ سرکاری حکام عہدوں سے برطرف
چین میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کو روکنے میں ناکامی پر اہم اور اعلیٰ سرکاری حکام کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ریجنل ہیلتھ کمیٹی نے آج بروز بدھ کہا کہ صوبے میں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 33366 تک پہنچ گئی ہے ۔ اسپتالوں سے 2639 مریضوں کو چھٹی دی گئی ہے۔ جبکہ صوبہ ہوبئی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1068 ہو گئی ہے ۔
چین میں ہر ممکن اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کیے جانے کے باوجود تاحال کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ یہ وائرس چین کی سرحد عبور کرکے دیگر ممالک تک پہنچ گیا تھا۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی خبردار کرچکا ہے کہ کبھی چین نہ جانے والے افراد کا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونا ایک بڑے خطرے کے ابتدائی اثرات ہیں۔ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت کا ایک وفد بھی بیجنگ پہنچا ہے۔