چین کے بعد دنیا بھر میں کورونا کا قہر
عالمی بینک نے کورونا وائرس -’کووڈ -19‘ سے نمٹنے میں رکن ممالک کی مدد کے لئے 12 ارب ڈالرکا ابتدائی پیکج مہیا کرانے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق چین سے شروع اور پھر دیگر ملکوں میں پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے دنیا کے 80 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر میں وائرس 3 ہزار 206 افراد کی موت کا باعث بن چکا ہے جبکہ 92 ہزار 883 افراد بیمار ہیں۔
چین میں کورونا سے مزید 38 افراد ہلاک ہوگئے ہیں البتہ یہاں نئے کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔
ہندوستان میں ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک 13 معاملے روشنی میں آچکے ہیں۔ اُن میں چھ پازیٹو پائے گئے ہیں۔
ادھر پاکستان میں ایک اور شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی اس مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
اس وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے چین میں 2981، جنوبی کوریا میں 31، اٹلی میں 79، جاپان میں چھ، فرانس میں چار، اسپین میں ایک اور امریکہ میں 9 افراد کی موت ہو گئی ہے۔
پوری دنیا میں کورونا کے انفیکشن سے متاثر لوگوں میں سے اب تک تقریبا 50 ہزار لوگوں کو اس سے نجات دلائی گئی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او اور چین کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کی گئی ایک اور رپورٹ کے مطابق اس وائرس سے بزرگوں کے مقابلے میں نوجوان نسل کے لوگ کم تعداد میں متاثر ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق صرف 2.4 فیصد 18 سال یا اس سے کم عمر کے لوگ متاثر تھے ۔ مہلک کورونا وائرس کے قہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے اس متعدی مرض کو روکنے کے لئے ایک کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرامداد کی پیشکش کی ہے ۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 21 جنوری کو سامنے آیا تھا۔ جبکہ دنیا بھر میں لگ بھگ 47 ہزار 900 افراد صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔