Mar ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  • کورونا نے یورپ اور امریکہ کے درمیان رفت و آمد پر پابندی لگائی

امریکی صدر ٹرمپ نے ٹرمپ نے یورپی ملکوں کے مسافروں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو بھی یورپ جانے سے روک دیا ہے ۔

امریکی صدر ٹرمپ نے چھبیس یورپی ملکوں کے شہریوں کو امریکا آنے سے منع کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو بھی یورپ جانے سے روک دیا ہے- ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوا کیا کہ امریکا میں کورونا وائرس یورپی ملکوں کے مسافروں کی وجہ سے پھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک مہینے کے لئے یورپ کے مسافروں، اشیا اور منصوعات کے امریکا میں داخلے پر پابندی ہوگی -

ٹرمپ نے یہ اعلان اوول آفس میں ایک تقریر کے دوران کیا - اس سے پہلے ٹرمپ پر امریکا کے اندر شدید تنقید ہو رہی تھی کہ انہوں نے کورونا وائرس کے خطرے کو سنجیدگی سے نہیں لیا ہے-

 ٹرمپ کے ذریعے اعلان کردہ سفری پابندی کا اطلاق برطانیہ پر نہیں ہوگا - ٹرمپ نے برطانیہ کو ایک ایسے وقت میں اس پابندی سے مستثنی کیا ہے کہ جب برطانیہ میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ساڑھے چار سو سے زائد ہو چکی ہے اور اٹلی کو چھوڑ کر دیگر یورپی ملکوں میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد برطانیہ سے کم ہے-

امریکا کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے- کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد امریکا میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد اب تک اس بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے اڑتیس افراد کورونا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں -

اس درمیان امریکا کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کے حریف جو بائڈن نے کورونا سے نمٹنے میں صدر کے طریقہ کار اور اقدامات پر شدید تنقید کی ہے - جوبائڈن نے ایم ایس ان بی سی ٹیلی ویژن چینل سے اپنے انٹرویو میں کورونا سے نمٹنے میں ٹرمپ کے اقدامات اور بازار حصص میں شدید گراوٹ کے تعلق سے حکومت کی کار کردگی پر تنقید کی اور امریکی صدر کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوگا کہ ٹرمپ خاموشی اختیار کرلیں اور وہ طبی ماہرین کو کورونا وائرس سے نمٹنے کا موقع دیں-

جو بائڈن نے کہا کہ ٹرمپ کورونا سے نمٹنے کی نہ تو توانائی رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کے اندر صلاحیت پائی جاتی ہے - انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اس طرح ظاہر کر رہے ہیں کہ گویا کوئی ہنگامی صورتحال پیدا ہی نہیں ہوئی ہے جبکہ حکومت اور ٹرمپ کو چاہئے کہ بحرانی صورتحال کو درک کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ضروری مقدار میں طبی آلات و سائل موجود نہیں ہیں اور نہ ہی اس بیماری کے بارے میں لوگوں کو کھل کر بتایا جارہا ہے -

ٹیگس