Mar ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • کورونا وائرس پھیلانے میں امریکہ ملوث: چین

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ووہان میں کورونا وائرس کو پھیلانے میں امریکی فوج کا ممکنہ طور پر ہاتھ ہو سکتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ووہان میں کورونا وائرس پھیلانے کے پیچھے امریکی فوج کا ہاتھ ہو سکتا ہے اس لئے امریکہ کو اس کے متعلق وضاحت کرنی چاہیے اور چین کو اس سلسلے میں اطلاعات فراہم کرنی چاہئے۔ ادھر امریکہ کا کہنا ہے کہ چین نے کورونا وائرس کی روک تھام میں تاخیرسے کام لیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اس بات کا امکان پایا جاتا ہے کہ ووھان شہر میں کورونا وائرس کی وبا امریکی فوج نے پھیلائی ہو۔

چین کی  وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صداقت کا مظاہرہ کرے اور اس حوالے سے موجود  معلومات عوام کے سامنے لائے۔ ژاؤ لی جیان نے امریکہ پر حقائق چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ چین کو وضاحت پیش کرنے کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو یہ بتانا چاہیے کہ اس کے ہاں کب کورونا وائرس شروع ہوا اور کتنے لوگ اس مبتلا ہوئے ہیں اور یہ کہ انہیں کونسے ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے؟ اگرچہ چینی ذرائع ابلاغ اس سے پہلے بھی امریکہ پر ووہان میں کورونا وائرس پھیلانے کا الزام عائد کرچکے ہیں تاہم یہ پہلی بار جب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس معاملے میں امریکہ کے ملوث ہونے کا باضابطہ الزام عائد کیا ہے۔

امریکہ اور چین کے درمیان لفظی جنگ میں شدت آگئی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپئو نے کورونا وائرس کو چینی وائرس یا ووہان وائرس کا نام دیا ہے جبکہ چین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس چین کے خلاف امریکہ کا حیاتیاتی حملہ ہے کورونا وائرس امریکی لیبارٹیریوں میں تیار ہوا ، جسے امریکی فوج نے ووہان میں پھیلایا اور اس طرح امریکہ نے چین کے اقتصاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔

یاد رہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے الزام لگایا تھا کہ چین نے کورونا وائرس پر ردعمل میں سستی کا مظاہرہ کیا جس کی گزشتہ ماہ سے دنیا قیمت ادا کر رہی ہے ، حالانکہ ووہان میں اس وائرس کی نشاندہی ایک سال قبل ہو گئی تھی۔

ٹیگس