Mar ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۰ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے بیان سے امریکی اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال

امریکہ میں کورونا کے پھیلاؤ کے بارے میں صدر ٹرمپ کے پالیسی بیان کے بعد اسٹاک مارکیٹوں میں بحران پیدا ہوگیا ہے۔

سی ان ان کے مطابق جمعرات کو کام کے آغاز پر اس اینڈ پی کے انڈیکس میں سات فی صد کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی اور پندرہ منٹ تک کوئی خرید و فروخت نہ ہوسکی۔ 
کاروبار کے شروع میں ڈوجونز کے انڈیکس میں سات اعشاریہ چار فیصد جبکہ نزڈک کمپوزٹ کے شیئرز میں چھے اعشاریہ نو فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ 
لیکن بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی بلکہ دوران کاروبار ڈوجونز اور اس اینڈ پی کا انڈیکس گر کر آٹھ اعشاریہ آٹھ ایک فیصد تک آگیا۔ جبکہ نزڈک کمپوزٹ کا انڈیکس سات اعشاریہ نو نو فیصد تک گر گیا۔ 
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کی رات ایک بیان میں یورپ سے آنے والے مسافروں کو امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب قرار دیتے ہوئے، یورپی مسافروں کے امریکہ میں داخلے پر تیس روز کی پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ 
امریکہ کے اس فیصلے پر یورپی ملکوں کی جانب سے کڑی نکتہ چینی کی جارہی ہے۔ 
ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد، جس پر جمعے سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا، ایشیا اور یورپ کی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔ 
اُدھر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کو عالمگیر قرار دیے جانے کو بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کی دوسری اہم وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

ٹیگس