پوری دنیا میں امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت پر روک
امریکی وزارت جنگ نے پوری دنیا میں تعینات اپنے فوجیوں کو جابجا کرنے کا عمل روک دیا ہے۔
امریکی وزیر جنگ مارک اسپر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوری دنیا میں امریکی فوجیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے اس میں بیرون ملک تعینات امریکی فوجیوں کے اہل خانہ بھی شامل ہیں -
امریکی وزیر جنگ مارک اسپر نے تاہم یہ بھی کہا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا عمل اس حکمنامے سے مستثنی ہے اور افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا عمل جاری رہے گا - امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ اس حکمنامے کا مقصد یہ ہے کہ ہمیں اس بات کا اطمینان حاصل ہو جائے کہ کورنا وائرس کو ہم گھر میں نہیں لا رہے ہیں اور دوسروں کو اس سے متاثر نہیں کر رہے ہیں -
اس سے پہلے پینٹاگون نے کہا تھا کہ آئندہ ساٹھ روز کے لئے امریکی فوجی اور ان کے اہل خانہ ان ملکوں کا سفر نہیں کرسکیں گے جہاں کورونا پھیلا ہوا ہے- اس وقت دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکا کے دو سو ستائیس فوجی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں -