روس کا دعوا، کورونا کی دوا تیار کر لی
Mar ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
روسی حکام نے ملک میں کورونا وائرس کی دوا کی تیاری میں کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
روس کی فیڈرل میڈیکل اینڈ بائیولوجیکل ایجنسی کی سربراہ ورنیکا اسکوو روتسوا نے بتایا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کے مشورے سے کورونا وائرس کی جدید ترین دوا تیار کر لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی ماہرین کی تیار کردہ اس دوا کا نام مفلوخین رکھا گیا ہے۔
روس کی فیڈریل میڈیکل اینڈ بائیولوجیکل ایجنسی کی سربراہ کے مطابق یہ دوا کورونا وائرس میں جسمانی خلیوں کو نقصان پہنچانے کی طاقت ختم کر دیتی ہے جس کے نتیجے میں یہ وائرس غیر موثر ہو جاتا ہے اور بعد والی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
دوسری جانب روسی وزارت صحت نے بھی ایک نوٹس جاری کیا ہے جس کے ساتھ کورونا وائرس کے علاج میں معاون دواؤں کی ایک فہرست بھی منسلک کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوا کی تیاری کے بارے میں خبریں روزانہ میڈیا میں آتی ہیں تاہم کوئی بھی ملک اب تک اس بیماری کے سو فیصد علاج میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔
روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار دو سو زائد بتائی جاتی ہے جن میں سے چار افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔