امریکہ میں کورونا ہلاکتوں میں رکارڈ توڑ اضافہ، یورپ بھی پریشان
امریکا میں کورونا سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس درمیان فرانس کے صدر نے بھی اعتراف کیا ہے ان کے ملک کو طبی آلات و وسائل کی کمی کا سامنا ہے-
امریکا میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد چین سے زیادہ ہوگئی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار آٹھ سو ساٹھ جبکہ اس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ ستاسی ہزار تین سو سینتالیس ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس میں مبتلا لوگوں کی تعداد کے اعتبار سے امریکا دنیا میں سب سے آگے ہو گیا ہے، جبکہ اس وائرس کے پھیلنے کا پہلا مرکز چین تھا۔
چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار تین سو پانچ اور اس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد اکیاسی ہزار پانچ سو اٹھارہ ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس کے خطرناک پیمانے پر پھیلنے کے پیچھے سب سے بڑی وجہ اس بیماری کے تعلق سے امریکی حکومت کا تاخیر سے حرکت میں آنا نیز اس ملک میں اس وائرس کی تشخیص دینے والی میڈیکل کٹ کی کمی بھی رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ امریکا کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے۔ امریکا میں اسپتالوں کی یونین نے آٹھ مارچ کو ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ملک میں نو کروڑ ساٹھ لاکھ لوگوں کے کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے کا اندیشہ ہے جس سے چار لاکھ اسی ہزار لوگوں کی موت بھی ہو سکتی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریبا ساڑھے بارہ ہزار تک پہنچ چکی ہے- اطالوی حکومت نے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید چار ہزار ترپن افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں اور کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں بھی کورونا سے متاثرین کی تعداد میں اچانک بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں تین سو سڑسٹھ افراد کے ہلاک ہوجانے کے بعد کورونا کی بھینٹ چڑھنے والوں کی تعداد ساڑھے سولہ سو سے تجاوز کرگئی ہے-
اسپین جرمنی اور فرانس میں بھی کورونا سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے - فرانس کے صدر میکرون نے بھی اعتراف کرلیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے فرانس کو طبی وسائل و آلات کی کمی کا سامنا ہے۔
میکرون نے ماسک تیار کرنے والے ایک کارخانے کا معائنہ کرنے کے موقع پر کہا ہے کہ فرانس کو ماسک، وینٹی لیٹر مشینوں اور بعض دواؤں کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قرنطینہ کی صورتحال مزید دو ہفتے تک جاری رہے گی۔
کورونا وائرس اس وقت دنیا کے دو سو سے زائد ملکوں تک پھیل چکا ہے اور آٹھ لاکھ سے زائد افراد اِس خطرناک وائرس سے متاثر اور چالیس ہزار کے قریب ہلاک ہو چکے ہیں -