Apr ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
  • فرانس کے خریدے ہوئے ماسک امریکہ لے اڑا

فرانس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ پیرس نے چین سے جو ماسک خریدے تھے، وہ امریکا لے اڑا ہے ۔

رشا ٹوڈے کے مطابق فرانس کے علاقے، پروانس آلپ ، کوٹ ڈی زارو کے سربراہ رنو موسیلیئے نے بتایا ہے کہ فرانس کے آرڈر پر چین نے جو ماسک تیار کئے تھے، وہ امریکا اس وقت لے اڑا جب انہیں کارگو طیارے میں رکھنے کے لئے ہوائی اڈے کے رن وے پر لایا جا چکا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ فرانس ان یورپی ملکوں میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس نے بحرانی شکل اختیار کر رکھی ہے۔ دیگر یورپی ملکوں کی طرح فرانس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے ماسک اور دیگر وسائل کی شدید قلت ہے ۔

فرانس نے چین سے ماسک فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور چھے کروڑ ماسک کی قیمت بھی ادا کردی تھی ۔ لیکن جب یہ ماسک فرانس بھیجنے کے لئے چین کے ایک ہوائی اڈے پر لائے گئے تو امریکا نے یہ سارے ماسک زیادہ قیمت پر خرید لئے اور چھے کروڑ ماسک کی یہ کھیپ فرانس کے بجائے امریکا پہنچ گئی۔

فرانس کے اخبار لبریشن نے بھی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکیوں نے چین کی منڈی میں ماسک اور دیگر حفاظتی وسائل کی زیادہ قیمت لگا دی ہے جس کی وجہ سے ان وسائل کی فراہمی میں دیگر ملکوں کے لئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکی کورونا وائرس سے بچاؤ کے سامانوں کی کھیپ دیکھے بغیر ہی ان کی دوگنی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

ٹیگس