Apr ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • امریکہ میں کورونا اور جرائم دونوں میں اضافہ

امریکا میں لمحہ بہ لمحہ کورونا وائرس سے متاثرین اور ہلاکتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ جرائم میں بھی اضافے کی خبریں ہیں۔ اُدھر یورپ میں بھی کورونا بڑی تیزی سے لوگوں کا شکار کر رہا ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پیر کی شام تک بڑھ کر دس ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی تھی ۔
کورونا وائرس سے امریکہ کی نیویارک ریاست سب سے زیادہ متاثر ہے۔ نیویارک شہر میں اب تک دو ہزار دو سو پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے خبردار کیا ہے کہ ریاست میں وینٹیلیٹر مشینیوں کی شدید قلت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیویارک شہر کے اٹھارہ فیصد پولیس اہلکار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ 
امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق نیویارک میں کورونا وائرس سے متاثرین اور اموات میں اضافے کے ساتھ ہی قتل اور چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
اسی کے ساتھ وائٹ ہاؤس نے وسکانسن اور نبراسکا سمیت مختلف ریاستوں کی حالت المناک بتائی ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ان ریاستوں کو فوری طور پر فیڈرل امداد کی ضرورت ہے ۔ 
امریکی روز نامہ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی صحیح تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے جس کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد کے لحاظ سے امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد تین لاکھ انچاس ہزار نو سو سے زائد بتائی گئی ہے۔
اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ حالات مزید بحرانی اور بدتر ہو سکتے ہیں ۔ 
سی ان ان کے مطابق امریکی صدر ڈنلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا ہے کہ ان کی حکومت کو کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور متاثرین کے علاج میں ضروری طبی وسائل کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرین اور ہلاکتوں میں اضافے کے لحاظ سے رواں ہفتہ امریکا کے لئے بدترین ہفتہ ثابت ہوسکتا ہے ۔
دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر اسپین آتا ہے جہاں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد اٹلی سے بڑھ گئی ہے ۔
اسپین میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ایک لاکھ اکتس ہزار چھے سو چھیالیس بتائی گئی ہے لیکن ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے اٹلی بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ 
اٹلی میں پیر کی شام تک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد سولہ ہزار پانچ سو تیئیس اور متاثرین کی تعداد ایک لاکھ بتیس ہزار پانچ سو سینتالیس بتائی گئی تھی ۔ 
فرانس میں بھی تین سو ستاون نئی اموات کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد پیر تک آٹھ ہزار ایک سو کے قریب پہنچ گئی تھی۔ فرانس میں اتوار کو کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بانوے ہزار آٹھ سو انتالیس بتائی گئی ہے۔ 
ادھر جرمنی میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن مرنے والوں کی تعداد صرف ایک ہزار چار سو اٹھہتر بتائی گئی ہے۔ 
تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق دنیا کے دو سو آٹھ ملکوں میں کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد تیرہ لاکھ بارہ  ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان میں سے بہتر ہزار چھے سو چھتیس افراد مر چکے ہیں اور پینتالیس ہزار چھے سو کے قریب افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ دو لاکھ پچھتر ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوئے۔ 

ٹیگس