امریکہ حالت جنگ میں ہے: ٹرمپ
امریکی صدر نے اپنے ملک میں کورونا بحران کی شدت کے پیش نظر اعلان کیا کہ اس وقت امریکہ جنگ کی حالت میں ہے اور اسے کورونا کے موضوع کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
روئٹرز کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی شب اپنی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ کو اس وقت جنگی حالات کا سامنا ہے اور آئندہ ہفتے تک کورونا کی بھینٹ چڑھنے والوں کی تعداد میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس وقت امریکی اسپتالوں میں ضرورت سے زیادہ طبی وسائل فراہم کر دیئے گئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔ امریکی یونیورسٹی جان ہاپکینز کے اعلان کے مطابق گزشتہ روز ایک ہزار ایک سو پچاس افراد کو کورونا کے سبب اپنی جان گنوانی پڑی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک امریکہ میں تین لاکھ سڑسٹھ ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے دس ہزار نو سو چھیاسٹھ بیمار اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں-
دوسری جانب پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ دو ہاسپیٹل شپ میں موجود افراد جو بیماروں کے علاج کے لئے نیوریاک اور لاس آنجلس جا رہے تھے خود کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں- امریکی فوج کے میڈیکل شعبے کے سربراہ جنرل پال فرڈریکس نے بتایا کہ ان دونوں ہاسپیٹل شپ میں موجود لوگوں میں ہی کورونا وائرس پہلے سے موجود تھا۔
ادھر پینٹاگون کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمفرٹ ہاسپیٹل شپ جو نیویارک کے ساحل پر لنگر انداز ہے وہ ہر طرح کے بیماروں کا علاج کرنے کے لئے مریضوں کو قبول کرے گا - خبروں میں کہا گیا ہے کہ امریکی نیوی کے دو ہاسپیٹل شپ کمفرٹ اور مرسی کو نیویارک اور لاس اینجلس روانہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی امریکی نیوی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کمفرٹ ہاسپیٹل شپ نیویارک میں ہر طرح کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کرے گا تاکہ خود نیویارک شہر کے اندر کے اسپتال کورونا کے مریضوں کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کرسکیں-
امریکا میں کورونا کے بڑھتے ہوئے بحران اور مریضوں نیز ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ پر چاروں طرف سے تنقیدیں کی جاری ہیں- ٹرمپ انتظامیہ اور خود صدر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کے بحران کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور اس کو کنٹرول کرنے میں لاپرواہی برتی-
امریکا کے بہت سے سیاستدانوں نے ٹرمپ کے اس طرح کے غیر ذمہ دارنہ رویّے کو عالمی سطح پر امریکا کے لئے باعث شرمندگی قرار دیا ہے۔ ان کے خیال میں پوری صورتحال کے ذمہ دار خود ٹرمپ ہیں- ان سیاستدانوں نے ٹرمپ کو ایک غیر ذمہ دار اور حتی احمق لیڈر بھی قرار دے ڈالا ہے -