امریکہ میں کورونا کا قہر، پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ
امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار کورونا وائرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر مجبور کر دیا۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے کل آخری ریاست وایومینگ میں بھی خاص صورتحال کا اعلان کیا اس طرح کورونا نے پورے امریکہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملے ہر روز بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 18 ہزار747 افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ اس طرح اس ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد 5 لاکھ 32 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بنسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔
اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح ۱۵ فیصد تک پہونچ جائے گی۔