Apr ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • ناکام ٹرمپ پر بوکھلاہٹ سوار، الزامات کا سلسلہ جاری

امریکہ میں کورونا کی تباہ کاریوں سے بوکھلائے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ایک بار پھر چین پر الزام عائد کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس سوال کے جواب میں کہ آخر کیوں امریکہ میں کورونا اس قدر جانیں لے رہا ہے، چین پر یہ الزام عائد کیا کہ اُس نے اپنے کورونا متاثرین اور اسکے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی صحیح تعداد دنیا والوں سے چھپائی ہے اور کورونا کے تعلق سے اسکے اعلان کردہ اعداد و شمار صحیح نہیں ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ چین جیسے بڑے ملک میں سامنے آنے والے اعداد و شمار پر یقین کر سکتے ہیں؟!

قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو بے قصور ثابت کرنے کے لئے دوسروں پر الزام عائد کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کے تحت کبھی تو وہ چین پر الزام عائد کرتے ہیں اور کبھی عالمی ادارہ صحت پر۔

اس وقت امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد چھے لاکھ ستہتر ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ چونتیس ہزار افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی (Johns Hopkins University ) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملے بدستور بڑی تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 5 ہزار ہلاکتیں جبکہ 30 ہزار افراد کورونا میں مبتلا ہو ئے ہیں۔

اُدھر امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں نے میشیگان ریاستی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے قرنطینہ اور سماجی فاصلے کی مخالفت کی۔

واضح رہے کہ کورونا کی وسیع پیمانے پرتباہی کو دیکھتے ہوئے امریکہ کی سبھی ریاستوں میں، ہنگامی صورتحال سے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ٹیگس