Apr ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۳:۰۳ Asia/Tehran
  • نائجیریا، قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 18 کو گولی ماری

نائجیریا کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ ملک میں قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے پر 18 افراد کو گولی مار دی گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایسے 18 افراد کو جنہوں نے قرنطینہ اور کورونا  کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا، انھیں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

ملک میں انسانی حقوق کے قومی کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا اور 36 ریاستوں میں سے 24 میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی 105 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ دیگر خطوں میں بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نائجیریا میں کورونا وائرس سے اب تک 407 افراد متاثر اور 12 ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باوجود اب تک کورونا کے کیسز میں کمی نہیں دیکھی جا رہی ۔

ٹیگس