یکم مئی محنت کشوں کا عالمی دن آپ سب کو مبارک
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال مزدوروں کے حق میں سیمنارز اور ریلیاں منعقد نہیں ہو رہی ہیں۔
یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔
گزشتہ کئی برسوں سے دنیا بھر میں یکم مئی کا دن مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایاجاتا ہے لیکن محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لئے اس قدر سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئیں جس قدر ہونی چاہئے تھیں۔
واضح رہے کہ یکم مئی 1886کو امریکا کے شہر شکاگو کے مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کئے جانے والے استحصال پر سڑکوں پر نکلے تھے لیکن پولیس نے اس پرامن جلوس پر فائرنگ کرکے سیکڑوں مزدوروں کو جاں بحق اور زخمی کردیا جبکہ درجنوں کو اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے پر پھانسی دی گئی لیکن یہ تحریک ختم ہونے کے بجائے دنیا بھر میں پھیلتی چلی گئی جو اب بھی جاری ہے اور ہر سال دنیا بھر کے محنت کش اس روز ریلیاں نکال کر شکاگو کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں تاہم اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے محنت کش ریلیاں نہیں نکال رہے ہیں تاہم انہوں نے واقعہ کی ایک بار پھر بھر پور طریقے سے مذمت کی ہے۔ سحر عالمی نیٹ ورک بھی محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر تمام محنت کشوں کو سلام پیش کرتاہے۔