امریکی صدر اور نائب صدر میں دوریوں کی وجہ
امریکہ میں جہاں کورونا وائرس سے ریکارڈ توڑ ہلاکتیں ہوئیں وہیں اس وبا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورنائب صدرمائیک پنس کے درمیان بھی دوریاں پیدا کر دی ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دوری کا بنیادی مقصد امریکی نائب صدر مائیک پنس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کچھ روز تک دور رہنے کا فیصلہ خود امریکی نائب صدر نے کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ امریکی نائب صدر پہ منحصر ہے کہ وہ کب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
امریکی نائب صدر کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کا چند روز قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کی تصدیق خود امریکی صدر ٹرمپ نے کی تھی۔
پریس سیکریٹری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا ۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 83 ہزار 425 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 8 ہزار 636 ہو چکی ہے۔