May ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران اور دیگر ممالک کے خلاف عائد پابندیاں ہٹائی جائیں: یورپی اراکین پارلیمنٹ

یورپی پارلیمنٹ کے بعض اراکین نے ایران اور بعض دیگر ممالک پر لگی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے ری نیو یورپ سے موسوم دھڑے کے اراکین نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل اور یورپی کونسل کے سربراہ شارل میشل کے نام ایک مراسلہ تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے ایران، کیوبا، لیبیا، شام، شمالی کوریا اور ونزوئلا جیسے ممالک پر لگی پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مراسلے کو یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے رکن خاویئر نارت نے ترتیب دیا جس پر نو پارلیمانی اراکین نے دستخط کئے ہیں۔

ری نیو یورپ سے موسوم یورپ کے پارلیمانی دھڑنے نے اپنے اس مراسلے میں یورپی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ ممالک کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کے لئے ایک موثر راہ حل تلاش کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سیکریٹری پر بھی زور دیا کہ وہ ان ممالک پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے موضوع پر اپنے امریکی ہم منصب سے بات کریں۔

اُدھر اقوام متحدہ کے جینیوا ہیڈ کواٹر میں روسی نمائندے نے امریکی پابنیوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اسکے اتحادیوں کو، پابندیوں سے روبرو ممالک کے عوام کی زندگی کی کوئی فکر نہیں ہے اور وہ انسانی حقوق سے واقف نہیں ہیں۔

جینیڈی گیٹی لوو نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا یورپی یونین کے رکن ممالک دیگر ممالک پر عائد پابندیوں کے اثرات کو ذکر کرنے سے کتراتے ہیں اور انکے اس کھیل میں انسانی حقوق اور اتحاد و یکجہتی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ٹیگس