May ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکہ، ایران کے خلاف قراداد 2231 کا سہارا نہیں لے سکتا: روس

روس نے ایران اور قرارداد بائیس اکتیس کے تعلق سے امریکی دعوے کو بے بنیاد اور وہم پر مبنی قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانف نے جمعہ کی شب ایران اور قرارداد بائیس اکتیس کے تعلق سے امریکہ کے اس دعوے کو کہ وہ جوہری معاہدے میں شراکت دار ہے، بے بنیاد اور وہم پر مبنی قرار دیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بھی آج ایک بار پھر کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کو ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت بڑھانے کیلئے استعمال نہیں کر سکتا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ امریکہ پہلا ایسا ملک ہے کہ جس نے سلامتی کونسل کا ممبر ہونے کے باجود، کونسل کے فیصلوں کو چیلنج کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد سے انکار کیا تھا۔

زاخارووا نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے یکطرفہ اور غیر قانومنی طور پر نکل جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک نے سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہو، وہ اب دوبارہ اس کا سہارا نہیں لے سکتا۔

اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے نے بھی امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری معاہدے سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی خلاف ورزی پر کہا کہ اسے ایران کے اسلحہ کی پابندی میں توسیع کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ٹیگس