ہندوستان کے بعد اب چین نے بھی امریکی درخواست کو ٹھکرایا
چین نے امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ اور نئی دہلی کو اپنے سرحدی اختلافات کے سلسلے میں امریکہ کی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے.
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ سرحد کے بارے میں بیجنگ کا موقف پوری طرح شفاف اور ناقابل تبدیل رہا ہے اور اس وقت بھی سرحد پر حالات پائیدار اور کنٹرول میں ہیں۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی جمعے کو سرحدی اختلافات کے حل کے لئے نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان ثالثی کے سلسلے میں امریکی صدر کی پشکش کو مسترد کردیا تھا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن، چین اور ہندوستان کے درمیان سرحدی اختلافات کے حل کے لئے ثالثی کے لئے تیار ہے۔
گذشتہ ہفتے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی تھی کہ نئی دہلی اور بیجنگ نے سرحدی علاقے لداخ میں اپنے فوجی تعینات کر دیئے ہیں۔ لداخ اور سکم کی سرحدوں پر ہندوستان اور چین کے درمیان اگرچہ حالات کشیدہ ہیں تاہم دونوں ملکوں نے امریکی ثالثی کو مسترد کردیا ہے-
اس درمیان مذکورہ معاملے کے حوالے سے ٹرمپ کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہو گیا ہے۔ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے ہند چین کشیدگی پر ہندوستانی وزیر اعظم سے فون پر بات چیت کی ہے جبکہ ہندوستان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور مودی کے درمیان اپریل کے بعد کوئی بھی ٹیلی فونی رابطہ نہیں ہوا ہے-