May ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • یورپی یونین نے کیا امریکہ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ

یوپی یونین نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ عالمی ادارہ صحت سے نکلنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر اورزولا فون در لاین اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسپ بورل نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی سطح پر ہم آہنگی، ہم فکری اور یکجہتی کی ضرورت اور مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے اس بیان میں کہا کہ موذی وائرس اور بیماریوں کا مقابلہ عالمی ادارہ صحت کی توانائیوں پر منحصر ہے اور عالمی سطح پر سب کی کارکردگی کا جائزہ در اصل عالمی صحت کی سلامتی کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت سے امریکہ کے باقاعدہ طور پر باہر نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ عالمی ادارہ صحت ضروری اصلاحات انجام نہیں دے سکا ہے اس لئے ہم اس ادارے سے اپنے تعلقات ختم کر رہے ہیں-

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ایک لاحاصل اقدام قرار دیا۔ جبکہ عالمی سطح پربھی ٹرمپ کے فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی صدر نے عالمی اداروں سے باہر نکلنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انیس مئی دو ہزار بیس کو عالمی ادارہ صحت پر چین کے مقابلے میں خودمختار نہ ہونے کا الزام لگا کر اس ادارے سے امریکہ کے باہر نکلنے کی بات کہی تھی۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او، کورونا کی روک تھام کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پر عمل کرنے میں ناکام رہا ہے تاہم عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے اپنے اور چین کے خلاف امریکی حکام کے دعؤوں کو منطق و دانش سے عاری قرار دیا ہے۔

ٹیگس