Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران پر امریکی دباؤ سیاسی محرکات کے باعث ہے: روس

روس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کے دباؤ کو سیاسی محرکات کا حامل قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے واشنگٹن کے اقدام کی مذمت کرے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنتونیو گوترش کے نام ایک خط میں کہا کہ امریکہ یکطرفہ طور پر ایران کے ساتھ ہونے والے بین الاقوامی ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکلا ہے۔ لاؤروف نے کہا کہ اب امریکہ کو ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیاں جاری رکھنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کو استعمال کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کا یہ اعلان کہ امریکی صدر ٹرمپ ایٹمی سمجھوتے میں کئے گئے وعدوں پر عمل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے بلکہ قرارداد بائیس اکتیس کے مطابق اپنے حق کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔

سرگئی لاؤروف نے کہا کہ ماسکو اور عالمی برادری کے دوسرے فریق ایٹمی سمجھوتے کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام انجام دیتے رہیں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ مئی دوہزار اٹھارہ میں یکطرفہ طور پر ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکل گئے تھے جبکہ ایران اس سمجھوتے پر کاربند رہا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے مطابق اکتوبر دوہزار بائیس سے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔

 

ٹیگس