Jun ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۴ Asia/Tehran
  • امریکہ ہماری پوری قوم پر حملہ آور ہوا ہے: وینیزوئلا

وینزویلا کے وزیر خارجہ نے تیل لوڈ کرنے کے لئے آئل ٹینکروں کے وینزویلا میں داخلے پر پابندی سے متعلق امریکی اقدام کو وینزویلا کی پوری قوم پر حملے سے تعبیر کیا ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے وزیر خارجہ جارج ایریزا نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں تیل لوڈ کرنے کے لئے آئل ٹینکروں کے وینزویلا میں داخلے پر پابندی سے متعلق امریکی اقدام کو وینزویلا کی پوری قوم پر حملے اور اس سے دشمنی برتنے سے تعبیر کیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ امریکہ اس قسم کے اقدامات کے ذریعے، وہ بھی کورورنا جیسی وبائی بیماری کے دور میں وینزویلا کی معیشت کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ ان کے ملک کی پوری قوم پر حملے کے مترادف ہے۔

اس سے قبل رائیٹرز نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی تھی کہ کم از کم دو آئل ٹینکر جو وینزویلا سے خام تیل لوڈ کرنے کے لئے روانہ ہوئے تھے اپنے راستے سے واپس لوٹ گئے اور تیل بردار دسیوں دیگر بحری جہازوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کئے جانے کے امریکی اعلان کے بعد تین اور تیل بردار بحری جہاز وینزویلا کے سمندر سے دور ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی دھمکیوں کے باوجود ایران نے اپنے پانچ تیل بردار بحری جہازوں کو آبنائے جبل الطارق اور آزاد سمندری راستوں سے وینزویلا روانہ کیا اور ایران کے یہ سارے تیل بردار بحری جہاز یکے بعد دیگرے وینزویلا کی سواحل پر لنگرانداز ہوئے۔

حالیہ مہینوں کے دوران امریکہ نے وینزویلا کے خلاف دھونس دھمکی، دباؤ اور اس کے اقتصادی محاصرے کے ذریعے اس ملک کی امریکہ مخالف قانونی حکومت کا تختہ الٹنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔

ٹیگس