امریکا، مظاہرین سے انتقام، ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تصاویر جاری کر دیں
امریکا میں سیاہ فام نوجوان جارج فلائیڈ کی موت کے بعد سے ہونے والے مظاہروں میں شامل افراد کی تصاویر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری کر دیں۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز سے نکالی گئی مظاہرین کی ایک درجن سے زائد تصاویر اپنے ٹویٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کی اور لوگوں سے ان کی شناخت کرنے کی اپیل کی ہے۔
گزشتہ دو دنوں سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل ایسی تصاویر ٹوئٹ کر رہے ہیں۔
نسل پرستی اور نا انصافیوں اور پولیس تشدد کے خلاف ملک گیر مظاہروں میں شدت کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جلے پر تیل کا کام کرتے ہوئے کچھ تصویروں کے ساتھ متعدد ٹوئٹ کیے ہیں جن میں مخاطبین سے کہا گیا ہے کہ وہ سڑکوں پر مظاہرہ کرنے والوں کی شناخت میں تعاون کریں۔
ٹرمپ نے اس سے پہلے بھی اپنے ٹوئٹ میں دعوی کیا تھا کہ بلوائیوں، آگ لگانے، لاقانونیت پھیلانے اور لوٹ مار کرنے والوں پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئڈ کے قتل کے بعد سے ریاست منے سوٹا کے شہر منیاپولس سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں پچھلے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔