Jul ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • خاشقجی کے قاتلوں پر پابندی عائد کی جائے گي: برطانیہ

برطانیہ کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ استنبول میں سعودی عرب کے قونصل خانے میں اس ملک کے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد پر پابندی عائد کی جائے گي۔

ڈومنیک راب نے پیر کے روز کہا کہ برطانیہ جن افراد پر پابندی عائد کرنے جا رہا ہے ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنھوں نے سعودی عرب کے حکومت مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں اعانت کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ جن کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں وہ آزادی کے ساتھ ہمارے ملک میں داخل نہیں ہو سکتے اور ہم امریکا اور کینیڈا کے تعاون سے انسانی حقوق کو پامال کرنے والوں کے خلاف پابندیاں لگانے جا رہے ہیں۔

انگریز وزیر خارجہ نے کہا کہ ان پابندیوں میں وہ لوگ بھی شامل ہوں گے جو روس کے وکیل سرگئي ماگينتیسکی کے اس ملک کی جیل میں کیے گئے قتل میں ملوث ہیں۔ ڈومنیک راب نے اسی طرح کہا کہ روہنگيا مسلمانوں کے حقوق پامال کرنے والوں پر بھی پابندیاں لگائي جائيں گي۔ برطانوی وزیر خارجہ کے اعلان کے مطابق سعودی عرب کے بیس اور روس کے پچیس شہریوں پر پابندیاں عائد کی جائيں گي۔ اسی طرح میانمار کے دو فوجی افسروں اور شمالی کوریا کے دو اداروں کو بھی برطانیہ کی پابندیوں میں شامل کیا گيا ہے۔

ٹیگس