Jul ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کے خلاف دباؤ جاری رہے گا، امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپو نے کہا ہے کہ ان کا ملک حزب اللہ لبنان کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

 ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیر خارجہ پومپیو کا کہنا تھا کہ حزب اللہ لبنان کے خلاف امریکی دباؤ جاری رہے گا۔ انہوں نے دیگر ملکوں سے بھی کہا کہ وہ بھی امریکہ کی طرح حزب اللہ کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کریں۔ امریکی وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ لبنان کے لیے ایرانی تیل کی فروخت غیر قانونی ہے اور واشنگٹن اسے روکنے کی پوری کوشش کرے گا۔ مائیک پومپیو اس سے پہلے ایسا ہی دعوی ایران اور وینیزوئیلا کے درمیان تیل کی فروخت کے بارے میں بھی کرچکے ہیں تاہم انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے منگل کے روز اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ایران نے قومی کرنسی میں لبنان کو تیل فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے جو ایران کی جانب سے سے لبنان کے لیے بہت بڑی قربانی ہے۔امریکہ اور صیہونی حکومت نے علاقے میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف حزب اللہ کی کامیاب کارروائیوں کے بعد اس تنظیم کے خلاف دباؤ میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

امریکہ نے لبنانی عوام میں حزب اللہ کی مقبولیت میں کمی کی غرض سے بعض لبنانی بینکوں اور اہم شخصیات پر پابندیاں بھی عائد کردی ہیں۔حزب اللہ لبنان نے استقامتی محاذ کے بنیادی رکن کی حیثیت سے خطے میں امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں اور تکفیری دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں سے با آسانی آگاہ ہونے کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

ٹیگس