Jul ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • امریکہ میں یکے بعد دیگرے آتشزدگی کے واقعات ۔ ویڈیوز

امریکہ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران دھماکوں اور آتشزدگی کے متعدد بڑے واقعات پیش آئے ہیں جن میں سے دو واقعات گزشتہ ایک روز کے دوران رکارڈ کئے گئے۔

بارہ جولائی کو امریکہ کی جنوب مغربی بندرگاہ سین ڈیگو بندرگاہ پر امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جنگی بحری بیڑے یو ایس ایس بونہوم ریچارڈ میں کئی دھماکوں کی آواز سنی گئی جس کے بعد جہاز میں زبردست آگ بھڑک اٹھی اور بڑی مقدار میں دھواں آسمان کی طرف بلند ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے کے وقت ڈیڑھ سو سے زائد افراد بیڑے پر موجود تھے جن میں سے کم از کم اکیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آگ پر قابو پانے میں چار دن لگ گئے اور جنگی جہاز مکمل طور پر آگ میں جھلس گیا اور استعمال کے قابل نہ رہا۔

اس کے علاوہ  سترہ جولائی کو امریکی ریاست انڈیانا کے شہر برنز ہاربر میں واقع آرسیلر میٹل اسٹیل ملز میں دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جس سے بڑے پیمانے پر نقصا ن ہوا اور کارخانے کو بند کرنا پڑا۔

اس واقعے کے ایک دن بعد اٹھارہ جولائی کو امریکہ کے ایک اور جنگی بحری بیڑے "کرسارج" Kearsarge میں "نورفورلک"  Norfolk  بندرگاہ میں آگ بھڑک اٹھی جس پر کافی کوشش کے بعد قابو پا لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ ویلڈنگ کے موقع پر پلاسٹک میں لگی جو پھر پھیل گئی۔ آگ لگنے کے بعد ساحل میں کھڑی تمام کشتیوں اور جنگی بحری جہازوں میں تمام سرگرمیوں کو روکنا پڑا۔

اور آج پے در پے امریکہ کے دو الگ الگ علاقوں میں دو بڑے آتشزدگی کے واقعات کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

گزشتہ روز ایک واقعے میں امریکی ریاست ایریزونا کے شہر ٹیمپے کی جھیل پر بنے ایک پل کے اوپر ایک مال گاڑی کے کچھ ڈبے پٹری سے اتر گئے جس کے بعد بھیانک آگ بھڑک اٹھی اور اس نے پوری ٹرین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اسکے بعد ایک دوسری خبر امریکی ریاست ٹیگزاس کے شہر ہیوسٹن کے قریب سے موصول ہوئی ایک نیچورل گیس پلانٹ میں شدید دھماکے کی خبر موصول ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ کافی شدید تھا اور اس کے بعد گیس پلانٹ میں بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔

 

ٹیگس