امریکہ کورونا کے ساتھ ساتھ غذائی بحران سے روبرو
کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دسیوں لاکھ امریکی شہری بے روز گار ہوگئے وہیں تین کروڑ سے زائد لوگوں کو غذائی اشیا کی شدید قلت، کرایوں کی ادائگی اور میڈیکل کیئر کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
امریکہ کے محکمہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ادارہ کی جانب سے کرائے جانے والے سروے میں حصہ لینے والے چوبیس کروڑ نوے لاکھ امریکی شہریوں میں سے تقریبا تین کروڑ کا کہنا تھا کہ اکیس جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران انہیں اشیائے خورد و نوش کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سروے میں شریک چوبیس کروڑ نوے لاکھ امریکیوں میں سے تقریبا پچیس اعشاریہ چھے فی صد کو رہائش اور مکان کے کرائے کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور چالیس فیصد سے زائد لوگوں کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران انہیں صحت اور میڈیکل کیئر کی سہولتوں تک رسائی حاصل نہیں ہوئی۔
امریکی محکمہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جہاں کورونا کی وجہ سے دسیوں لاکھ امریکی بے روزگار ہوئے وہیں لاکھوں امریکیوں کو انتہائی ابتر معاشی صورتحال سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک بحری جہاز پر تعینات متعدد فوجی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یو ایس ایس جارج ڈبلیو بش کے متاثرہ فوجیوں کو ساحلی اقامت گاہوں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ امریکی بحری جہاز پچھلے ڈیڑھ برس سے ورجینیا کے نارفوک نیول بیس میں دیگر جہازوں کی تعمیر نو اور جانچ پڑتال کے مشن پر تھا اور مستقبل قریب میں بھی اس کے ساحل چھوڑنے کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔
پچھلے چند ہفتے کے دوران نارفوک نیول ایریا اور خاص طور ہمپٹن روڈز ریجن میں کورونا کے مریضوں میں غیر معمولی اضافے کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ویتنام کے ساحلوں کی جانب جانے والے امریکی بحری جہاز یوایس ایس تھیوڈور روز ویلٹ پر تعینات متعدد فوجی بھی کورونا وائرس میں متبلا پائے گئے تھے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک امریکہ میں سینتالیس لاکھ سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہیں جبکہ ایک لاکھ چھپن ہزار سات سو چونسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
:Whatsapp invitation link