Aug ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • شہر پورٹلینڈ میں امریکی پرچم نذر آتش

امریکی ریاست اورگن کے شہر پورٹلینڈ میں جاری احتجاج کے 65 ویں دن امریکی پرچم کو نذر آتش کر دیا گیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست اورگن کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ میں گزشتہ 65 دن سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کی رات ہونے والے مظاہرے کے دوران امریکی پرچم کو نذر آتش کر دیا گیا۔پورٹلینڈ میں امریکی پرچم ایسی حالت میں آگ  کی نذر کیا گیا کہ جب مظاہرین شدید غم و غصے میں امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں یوں تو امریکی پرچم کو نذر آتش کیا جاتا رہتا ہے  تاہم اس بار خود امریکہ میں امریکی عوام نے پورٹ لینڈ میں ہونے والے مظاہرے کے دوران امریکی پرچم کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے اُس وقت امریکی پرچم کو آگ لگائی جب مظاہرین ’’ٹرمپ تم پر لعنت ہو‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

امریکہ کے مختلف شہروں میں فیڈرل پولیس اور افسروں کی تعیناتی کے بعد نسل پرستی کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شدت آ گئی ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے مظاہرین کی سرکوبی کی ضرورت پر زور دیا تھا۔امریکی فیڈرل پولیس اہلکاروں اور افسروں کو سرکاری عمارتوں کی حفاظت کے لئے بھیجا گیا تھا تاہم ان کی تعیناتی سے عوام میں اور زیادہ اشتعال پیدا ہو گیا اور پورٹلینڈ کے حالات ابتر اور قابو سے باہر ہو گئے۔دریں اثنا واشنگٹن کے محکمہ پولیس نے امریکی پولیس کے ہاتھوں تین سیاہ فام شہریوں کے قتل کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ ان سیاہ فام شہریوں کے قتل کی یہ فلم سن دو ہزار اٹھارہ کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں ایک سفید فام پولیس افسر نے پچیس مئی کو نو منٹ تک اپنے گھٹنے سے گردن دبا کر ایک سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔سفید فام پولیس افسر کے اس وحشیانہ اقدام کے خلاف پورے امریکہ میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور جگہ جگہ پولیس کی نسل پرستی کے خلاف مظاہرے کیے گئے اور یہ سلسلہ تا حال جاری رہنے کے ساتھ ساتھ اب ایک ملک گیر تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ملک گیر احتجاج میں شدت کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو بارہا تشدد کا حامی، بلوائی اور دہشت گرد قرار دیا اور ان کو کچل دینے کی بات کی ہے لیکن اس کے باوجود مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:

9: https://chat.whatsapp.com/FI0EhwfdLa0KpUhbFMXnfM

ٹیگس