Aug ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
  • امریکی اقدامات کے جواب میں چین نے بھی پابندیاں عائد کیں

چین نے اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے معاملے پر امریکا کی پابندیوں کے جواب میں وہ سینیٹرز سمیت 11 اعلیٰ امریکی عہدیداروں پر پابندی عائد کر رہا ہے۔

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہانگ کانگ کے معاملے پر امریکہ کی پابندیوں کے جواب میں اس نے امریکی سینیٹرز مارکو روبیو Marco Rubio اور تڈ کروز Ted Cruz سمیت 11 اعلیٰ امریکی عہدیداروں پر پابندی عائد  کردی ہے ۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کو ایک بار پھر متنبہ کیا کہ وہ ہانگ کانگ کے مسئلے میں مداخلت نہ کرے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ملک کے اس اقدام کو امریکہ کے غلط اقدامات کا نتیجہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے 27 جون کو ہانگ کانگ کی آزادی اور خودمختاری پر قدغن لگانے کے الزام میں چین کے متعدد عہدیداروں پر ویزا کی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ہانگ کانگ میں جمہوریت کے لیے احتجاج کرنے والوں کے حق میں امریکی کانگریس نے ایک قانون منظور کیا تھا جس سے ہانگ کانگ کو دنیا کی بڑی معیشت سے تجارت کی اجازت دی گئی تھی۔ 1991 میں برطانیہ نے اس خطے کو چین کے حوالے کیا تھا ۔

ٹیگس