Aug ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران روس اور چین سے بڑا خطرہ ڈیموکریٹ پارٹی ہے، ٹرمپ کا نیا انکشاف!

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی روک تھام کے حوالے کیے جانے ولے اقدامات کے بارے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن پارٹی کے درمیان خلیج میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکی صدر نے دھمکی دی ہے کہ وہ ڈیموکریٹ کی حمکرانی والی ریاستوں کو وفاقی امداد فراہم نہیں کریں گے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کو ایک بار پھر امریکہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران، چین اور روس نہیں بلکہ ڈیموکریٹ پارٹی ہی امریکہ کی سب سے بڑی دشمن ہے۔

امریکی صدر نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹ پارٹی نے سیاسی مفادات کی خاطر امریکی عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے اقلیتی دھڑے کے لیڈر چک شومر اور ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پیلوسی نے امریکی عوام کے پیسے کو بائیں بازو کے انتہاپسند دھڑے کے پروگراموں پر خرچ کرنے کے لیے روک لیا ہے۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر پوسٹل بیلٹ سسٹم پر اعتراض اور اسے انتخابی دھاندلیوں کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹ پارٹی کو انتخابات کے دوران پورے ملک میں پوسٹل بیلٹ سسٹم چلانے کے لیے ساڑھے تین ارب ڈالر کا بجٹ درکار ہے۔

امریکہ میں جیسے جیسے تین نومبر کے صدارتی انتخابات کا وقت قریب آتا جارہا ہے ویسے ویسے حزب اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کے خلاف صدر ٹرمپ کے لفظی حملوں میں شدت آتی جارہی ہے۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پیلوسی نے کہا کہ کورونا متاثرین کی امداد کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کی کاکردگی کے بارے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

ایم بی سی سی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ کورونا متاثرین کی امداد کے لیے ٹرمپ انتظامیہ نے جو پیکیج پیش کیا ہے اس پر ملک کی دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈیڈ لاک بدستور برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ پیکیج کے بارے میں پائے جانے والے ڈیڈلاک سے بچے متاثر ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت لاکھوں امریکی بچے غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ 

ٹرمپ کی جانب سے صدارتی انتخابات موخر کیے جانے کی تجویز کو ڈیموکریٹ پارٹی نے سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔ڈیموکریٹ پارٹی ٹرمپ کی کورونا پالیسی کو بھی ناکام قرار دیتی ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

ٹیگس