ماسک کسے پہننا اور کسے نہیں پہننا چاہئیے
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمرکے بچوں کو ماسک نہیں پہننا چاہئیے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے ماسک پہننے کے بارے میں نئے اصول جاری کئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق مختلف ممالک میں بڑوں کے ماسک پہننے کے اصولوں کا اطلاق بچوں پر بھی ہونا چاہئے۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ بچوں میں کورونا وائرس کیسے پھیلتا ہے لیکن اس کے پختہ شواہد موجود ہیں کہ کورونا وائرس بڑوں کی طرح نوعمروں میں بھی پھیل سکتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق پانچ سال سے کم عمرکے بچوں کو ماسک نہیں پہننا چاہئے۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ 60 سال سے کم عمر کے صحتمند افراد کو کپڑے کا ماسک پہننا چاہئے جبکہ بوڑھے اور دیگر امراض میں مبتلا افراد کو میڈیکل ماسک پہننا چاہئے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی موذی وبا نے دنیا بھر میں مسلسل اپنے خونخوار پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا 2 کروڑ 50 لاکھ تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 8 لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔
امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں نا صرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔