Aug ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • جرمنی میں کورونا پالیسیوں کے خلاف پر تشدد احتجاج

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کورونا پروٹوکول اور لاک ڈاؤن کے خلاف ہونے والے مظاہرے پولیس کی مداخلت کے بعد پرتشدد شکل اختیار کر گئے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ہزاروں افراد نے کورونا پروٹوکول اور دیگر پابندیوں کے خلاف دارالحکومت برلن کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومت کی عائد کردہ بندشیں لاحاصل ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔

جرمن پولیس نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا اور بعد ازاں آنسوگیس کے گولے بھی پھینکے۔

کہا جا رہا ہے کہ تین ہزار مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ برلن کے علاوہ ایسے ہی مظاہرے لندن اور پیرس سمیت بعض یورپی دارالحکومتوں میں کیے گئے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ جرمنی میں کورونا پروٹوکول اور بندشوں کےخلاف یہ مظاہرے ہو رہے ہیں۔ رواں ماہ کےآغاز میں بھی برلن اور اشتوتگارڈ میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے تھے جن میں تقریباً بیس ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ بیالیس ہزار آٹھ سو سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ نو ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ٹیگس