Sep ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکہ کو جلد ہی مناسب جواب دیا جائے گا: چین

چین اور امریکہ کے مابین اختلافات دن بدن شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنیانگ نے امریکا کی جانب سے چینی سفارت کاروں پر جامعات کے دوروں یا آفیشل سے ملاقات کرنے سے قبل وزارت خارجہ سے اجازت لینے کی پابندی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اپنے سفیروں پر بے جا پابندیوں کا بھرپور جواب دے گا۔

ترجمان ہوا چنیانگ نے مزید کہا کہ چینی سفارت کاروں پر امریکہ میں جامعات اور تعلیمی اداروں کے دورے سے قبل امریکی وزارت خارجہ کو آگاہ کرنے اور اجازت لینے کی پابندی بین الاقوامی قوانین اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے چینی سفیروں پر امریکہ میں بلا اجازت تعلیمی دوروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے دعوا کیا تھا کہ یہ پابندیاں چین کی جانب سے امریکی سفارتکاروں پر چین میں یونیورسٹیوں کے دورے سے قبل منظوری لینے کی شرط لگائے جانے کے جواب میں لگائی گئی ہیں۔

چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی امریکی صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالتے ہی شروع ہو گئی تھی تاہم گزشتہ برس سے تناؤ میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر پابندیاں سخت سے سخت کرتے جا رہے ہیں۔

ٹیگس