امریکہ میں کورونا کے بڑھتے قہر پر پیلوسی کی تنقید
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھنے والوں کی تعداد میں تیزی سے ہوتے اضافے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس وائرس کے مقابلے میں امریکی صدر ٹرمپ کی کارکردگی کو نہایت کمزور قرار دیا ہے۔
نینسی پیلوسی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور اس ملک کی بحرانی صورت حال گذشتہ مہینوں کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کے بے نیتجہ اقدامات اور اکثریتی ریپبلکن پارٹی کے رہنما میک کینل کی جانبدارانہ خاموشی کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نامزد ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کی نائب کیملا ہیرس نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے وعدے پر کوئی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔کیملا ہیرس نے صدارتی انتخابات سے قبل یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ ٹرمپ حکومت سے وابستہ وبائی امراض کے کنٹرول مرکز نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں مختلف ریاستوں کے صحت سے متعلق حکام کے لئے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر میں کورونا ویکسین حاصل کرنے کے لئے تیار رہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں اب تک کورونا کے ایک لاکھ بیانوے ہزار مریض ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ٹرمپ حکومت اس سلسلے میں صرف جھوٹے وعدے ہی کرتی رہی ہے۔