ٹرمپ کو وینیزوئیلا میں ذلت آمیز شکست ہوئي ہے: بائيڈن
امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار نے کہا ہے کہ اس ملک کے صدر کو کیوبا اور وینیزوئیلا کے سلسلے میں ذلت آمیز شکست ہوئي ہے۔
این بی سی نیوز کے مطابق جو بائيڈن نے، جو تین نومبر کے صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف ہیں، کہا ہے کہ اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہو گئے تو کوشش کریں گے کہ موجودہ صدر کی شکست خوردہ پالیسیوں کو بدل دیں۔ بائيڈن نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیوں نے کیوبا کے لوگوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انتخابی مہم کے تحت فلوریڈا ریاست پہنچے ہوئے جو بائيڈن نے ایک مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے لاطینی امریکی ممالک کے سلسلے میں ٹرمپ کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔
واضح رہے کہ ریاست فلوریڈا میں وینیزوئيلائي اور کیوبائي نژاد لوگوں کی اچھی خاصی تعداد پائي جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر وہ صدر بنے تو کیوبا کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی سابق صدر باراک اوباما کی پالیسی کو بحال کر دیں گے۔ انھوں نے اسی طرح کہا کہ موجودہ حکومت نے وینیزوئیلا کے صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے اس ملک پر مختلف طرح کے سیاسی، معاشی اور فوجی دباؤ ڈالے، اس کا محاصرہ کیا اور اس پر سخت پابندیاں عائد کیں لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئي۔