پلوسی اور ٹرمپ کے درمیان لفظی جنگ جاری
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے ملک کے صدر کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ خود بھی جانتے ہیں کہ وہ پاگل ہیں۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی نے ایل جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ خود بھی جانتے ہیں کہ وہ دیوانے اور پاگل ہیں اور یہ بات پوری طرح واضح ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ننسی پلوسی کے درمیان بارہا لفظی جنگ ہو چکی ہے اور دونوں ایک دوسرے پر شدید تنقیدیں کرتے رہتے ہیں۔ ٹرمپ بھی پلوسی کو کئی بار پاگل کہہ چکے ہیں۔
امریکی صدر نے پیر کو ایک انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان نمائندگان کو تحلیل کر کے دیوانی ننسی پلوسی سے چھٹکارا حاصل کر لینا چاہئے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس بھی پلوسی کو اُس وقت دیوانہ کہا تھا جب ڈیموکریٹ ٹرمپ کا مواخذہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
کورونا کو کنٹرول کرنے میں امریکی حکومت کی نااہلی، نسل پرستی مخالف مظاہروں کی سرکوبی اور حالیہ مہینوں کے دواران امریکہ میں دسیوں میلین بےروزگاروں کا اضافہ یہ وہ اسباب ہیں جو ٹرمپ کی مقبولیت میں بھاری کمی آنے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔