Sep ۲۹, ۲۰۲۰ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
  • کورونا سے 10 لاکھ ہلاکتوں پراقوام متحدہ کی تشویش

اقوام متحدہ نے کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ ہونے کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا ہے۔

اسپوتنک نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کورونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں 10 سے زائد ہلاکتوں کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار قلب و ذہن کو سن کردینے والے ہیں۔

انتونیو گوٹریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہماری دنیا انتہائی تکلیف دہ سنگ میل پر پہنچ چکی ہے۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے اب تک دنیا بھر میں 10 لاکھ 555 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 3 کروڑ 32 لاکھ 73 ہزار 720 افراد اس جان لیوا وبا کی زد میں آچکے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے آئندہ ماہ سے غریب ملکوں کے لئے کورونا کے 12 کروڑ تیز تشخیصی ٹیسٹ فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ ان ٹیسٹ کے نتائج 30 منٹ تک آجائیں گے۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے کہا ہے کہ ساٹھ کروڑ ڈالر کی اس اسکیم سے کم اور درمیانی آمدنی والے 133 ممالک مستفید ہوسکیں گے۔ فوری ٹیسٹ اگلے چھ ماہ میں 133 ممالک کو دیئے جائیں گے۔ ان ٹیسٹ کے نتائج 15 سے 30 منٹ میں آجائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ٹیسٹ پی سی آر ٹیسٹ جیسا قابل بھروسہ تو نہیں لیکن سستا، تیز اور آسان ہے۔ ریپڈ ٹیسٹ کی تقسیم کا عمل آئندہ ماہ سے شروع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھرمیں کورونا سے ہلاکتوں اور مبتلا ہونے والے افراد کی فہرست میں امریکہ پہلے، ہندوستان دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔

ٹیگس